اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کیلئے سوڈان کے مطالبات کا پیکج

   

خرطوم: ایک سوڈانی ذمہ دار کے مطابق آج ایک اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں امارات میں سوڈانی خود مختار کونسل کے سربراہ عبدالفتاح البرہان کی امریکی ذمہ داران کے ساتھ ملاقات کے نتائج کو زیر بحث لایا جائے گا۔ذرائع نے عربی اخبار ’’الشرق الاوسط‘‘ کو بتایا کہ ملاقات میں ایک سمجھوتے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس کے تحت سوڈان کا نام دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں امریکہ کی جانب سے سوڈان کو سات ارب ڈالر کی مالی سپورٹ پیش کرنے پر بھی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس سمجھوتے کا اعلان آئندہ دنوں میں کر دیا جائے گا۔اخبار کے ذرائع کے مطابق سوڈان اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے پر ابتدائی طور پر آمادہ ہو گیا ہے۔ تاہم اس نے ابو ظبی میں ہونے والی بات چیت میں مطالبات کے ایک پیکج پر عمل درامد کی شرط رکھی ہے۔ ساتھ ہی اس نوعیت کے قانون پر مذاکرات کے لیے بھی زور دیا ہے جس سے مستقبل کے کسی بھی معاملے میں سوڈان کے عدم تعاقب کی ضمانت حاصل ہو جائے۔