اسٹوکس کی 9 ماہ بعد بولنگ ، پہلی ہی گیند پر روہت بولڈ

   

دھرم شالہ ۔انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس ایک بہترین آل راؤنڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن وہ کافی عرصے سے بولنگ نہیں کر رہے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم اس وقت ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔ اس سیریز میں بھی بین اسٹوکس نے بولنگ نہیں کی لیکن دھرم شالہ میں کھیلے جارہے پانچویں ٹسٹ میچ میں اسٹوکس نے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی ہی گیند پرکچھ ایسا کر دکھایا کہ جس نے بھی دیکھا وہ حیران رہ گیا۔ دھرم شالہ ٹسٹ میچ کے دوسرے دن اسٹوکس نے بولنگ کی۔ وہ نو ماہ بعد بولنگ کر رہے تھے اور پہلی ہی گیند پر روہت شرما کو بولڈ کردیا ۔ اسٹوکس نے آخری بار دھرم شالہ ٹسٹ میچ سے قبل جون 2023 میں نیوزی لینڈکے خلاف ٹسٹ میچ میں بولنگ کی تھی لیکن اس کے بعد وہ نیوزی لینڈ سیریزکے دوران گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہو ئے جس کی وجہ سے وہ بولنگ نہیں کر سکے۔ جون 2023 کے بعد مارچ 2024 میں اسٹوکس نے ٹسٹ میں بولنگ کی، یعنی تقریباً نو ماہ بعد اسٹوکس نے ٹسٹ میں بولنگ کی۔اسٹوکس نے ہندوستان کی اننگزکے62 ویں اوور میں گیند تھامی اور پہلی ہی گیند پر روہت کو بولڈکردیا۔ اسٹوکس نے آف اسٹمپ کی لائن میں گیند پھینکی۔ روہت نے سوچا کہ یہ گیند اندر آئے گی لیکن گیند نے آخری وقت میں سمت بدلی اور قدرے باہر آئی۔ گیند روہت کے بیٹ سے ٹکرانے کی بجائے سیدھی آف اسٹمپ سے ٹکرا گئی ۔ اس گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد روہت بھی حیران رہ گئے۔ اسے وہ خود بھی سمجھ نہیں پائے کہ گیند کب اور کہاں گئی اور ان کے اسٹمپ پر جا لگی۔ تاہم روہت نے آؤٹ ہونے سے پہلے ہی اپنی سنچری مکمل کر لی تھی۔ روہت نے 162 گیندوں میں 103 رنز بنائے جس میں انہوں نے 13 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ روہت ہندوستان کی دوسری وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے ساتھ ہی روہت اور شبھمن گل کے درمیان 171 رنز کی شراکت بھی ٹوٹ گئی۔بین اسٹوکس نے دن بھر کی اپنی بولنگ میں صرف 5 اوورس ڈالے جس میں انہوں نے 17 رنز دیکر حریف کپتان کی وکٹ لی ۔