اسپین میں زچگی کا دھوکہ ، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

   

بارسلونا : اسپین میں تارکین وطن کے ایک گروپ نے خاتون کی زچگی کا دھوکہ دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی، اور طیارے سے اتر کر فرار ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بارسلونا ایئر پورٹ پر طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران ستائیس افراد اتر کر ایئرپورٹ سے فرار ہو گئے ۔میڈیا کے مطابق ہسپانوی حکومت نے بتایا کہ مراقش سے ترکی جانے والے ایک کمرشیل طیارے نے چہارشنبہ کے روز علی الصبح بارسلونا کے ایل پراٹ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے سے طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جہاز سے اترنے کے بعد 28 مسافر نکل کر بھاگ گئے ۔حکومت نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر 14 افراد کو حراست میں لیا، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی ہے، جس کے بارے میں حکام نے کہا اس نے زچگی کے درد اٹھنے کی اداکاری کی تھی، تاہم جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو اسے دردِ زہ نہیں پایا گیا۔حکام کے مطابق بعد میں دو مزید افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کو ایئرپورٹ کے اندر سے پکڑا گیا اور دوسرا باہر سے ملا، تاہم مزید 12 افراد کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے ۔حراست میں لیے گئے افراد میں سے 5 کو فوری طور پر ترکی کی پیگاسس ایئر لائن کے ذریعے چلائے جانے والے طیارے میں واپس لے جایا گیا، جب کہ کم از کم 8 دیگر کو مراقش بھیجا جائے گا۔ طیارہ‘ کل 228 مسافروں کو لے کر کاسا بلانکا سے استنبول جا رہا تھا۔