اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے عہدیداروں کی نظر: سرینواس گوڑ

   

حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) وزیر سیاحت ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومت کے لاک ڈائون کی پابندی کریں۔ انہوں نے ہیلتھ اور میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کریں۔ وزیر سیاحت نے رعیتو مارکٹ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مارکٹ میں سبزی اور دیگر اشیاء کی خریدی کے لیے عوام کو اجازت دی گئی ہے۔ مناسب قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عہدیدار نگرانی کررہے ہیں۔ وزیر سیاحت نے بتایا کہ محبوب نگر ٹائون میں سبزیوں کی قلت کو دور کرنے کے لیے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ 10 گاڑیوں کے ذریعہ ضروری اشیاء آبادیوں تک پہنچائی جارہی ہیں۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے تعاون کرے گی اور عوام کو احتیاطی تدابیر کے تحت گھروں تک محدود رہنا چاہئے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ غیر ضروری طور پر گھومنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر نے کسانوں کو تیقن دیا کہ حکومت پیداوار کی مناسب قیمت فراہم کرنے کے لیے قدم اٹھائے گی۔