’’اضلاع کے مسلمانوں کے مسائل‘‘ کے عنوان پر یکم اگست کو نظام آباد میں تربیتی اجتماع و و اجلاس عام

   

نظام آباد۔ 28 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد کے جنرل سکریٹری محمد افضل الدین نے آج ضلع جمعیۃ العلماء کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یکم اگست 2026ء، بروز ہفتہ، بعد نمازِ مغرب نظام پیالیس فنکشن ہال، بودھن روڈ، نظام آباد میں ’اضلاع کے مسلمانوں کے موجودہ مسائل‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان تربیتی اجتماع و اجلاسِ عام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت مولانا سید شاہ احسان الدین ، صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کریں گے، جبکہ حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن ، امیرِ شریعت تلنگانہ، اس اجلاس کی سرپرستی فرمائیں گے۔محمد افضل الدین نے کہا کہ اجلاسِ عام میں مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ ، مولانا عبداللہ بانعیم ، مولانا غیاث احمد رشادی، مولانا ارشد علی قاسمی ، حافظ پیر خلیق احمد صابر، غلام افضل خسرو پاشاہ سمیت جمعیۃ علماء تلنگانہ کے اراکینِ عاملہ، مجلسِ منتظمہ اور دیگر ذمہ داران خصوصی شرکت کرتے ہوئے ملتِ اسلامیہ کو درپیش اہم مسائل پر خطاب کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اسی روز صبح 9 بجے سے عصر تک ادارہ مظہر العلوم ٹرسٹ میں متحدہ اضلاع نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر کے علماء کرام، ذمہ داران اور کارکنان کے لیے تربیتی اجتماع منعقد ہوگا۔ اس دوران مجلسِ منتظمہ کے اجلاس میں تنظیمی امور، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، آئندہ کی منصوبہ بندی، اضلاع و منڈل سطح کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ پروگرام کے دوران نمازِ ظہر اور ظہرانے کا بھی انتظام رہے گا۔محمد افضل الدین نے متحدہ اضلاع نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر کے علماء کرام، ائمہ مساجد، نوجوانوں، کارکنان اور تمام وابستگانِ جمعیۃ سے اپیل کی کہ وہ بعد نمازِ مغرب منعقد ہونے والے اجلاسِ عام میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے اس دینی و ملی پروگرام کو کامیاب بنائیں۔پریس کانفرنس میں مولانا سید سمیع اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد، مولانا اسماعیل عارفی نائب صدر، حافظ عتیق احمد سکریٹری، عنایت علی افروزخازن، حافظ اسماعیل جوائنٹ سکریٹری، حافظ ولی میڈیا سکریٹری، آرگنائزنگ سکریٹریز، مفتی عبدالناصر، مولانا عاطف، واصف، مفتی ذبیر، حافظ عبدالحسیب اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔