اعظم خان سے حساب برابر ہوگیا : حسن

   

پٹنہ: مرادآباد اور رام پور لوک سبھا سیٹیں مسلسل سرخیوں میں ہیں۔ ایس پی نے پہلے ایس ٹی حسن کو مراد آباد سیٹ سے امیدوار بنایا تھا، پھر ان کا ٹکٹ منسوخ کرکے روچی ویرا کو موقع دیاگیا ۔ اب ایس ٹی حسن نے بھی اس پر ردعمل دیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے، ایس ٹی حسن نے کہا، اکھلیش یادو کو مجھ پر بھروسہ تھا اور مجھے پارٹی دفتر میں جلد سے جلد نامزدگی داخل کرنے کے لیے کہا گیا تھا لیکن پھر قومی صدر پر اتنا دباؤ آیا کہ وہ انکار نہیں کر سکے، جس کی وجہ سے دوسرا امیدوار مراد آباد میں کھڑاکردیا گیا۔ اکھلیش یادو کس کے دباؤ میں آئے؟ جب ایس ٹی حسن سے اکھلیش یادو اور اعظم خان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اکھلیش کسی سے کمزور نہیں ہیں لیکن اپنی اقدارکی وجہ سے اکھلیش یادو اپنا نقصان برداشت کرتے ہیں اور لوگوں کے زیر اثر آتے ہیں۔ اعظم خان سماج وادی پارٹی کے بانی رکن ہیں۔ اکھلیش یادو کا بچپن ان کے سامنے گزرا۔ کچھ ایسا دباؤ تھا کہ انہیں ٹکٹ بدلنا پڑا۔ اعظم خان اور ٹکٹ کٹے جانے کے سوال پر ایس ٹی حسن نے کہا اعظم خان ملک کے بڑے لیڈر ہیں، پورا ملک یہ جانتا ہے۔ اعظم خان کو غلط پھنسایا گیا ہے، اعظم خان کوئی غلط کام نہیں کرسکتے۔ جس طرح سے خبریں آرہی ہیں، میرا ٹکٹ اعظم خان کی وجہ سے کاٹاگیا، یہ اعظم خان ہی تھے جنہوں نے مجھے 2019 کے الیکشن میں ٹکٹ دیا، میں اعظم خان کا مقروض ہوں۔ اعظم خان کی وجہ سے میرا ٹکٹ منسوخ ہوا تو اب معاملہ طے پاگیا ہے۔