اعظم خان کی جوہر یونیورسٹی اراضی پر حکومت کا قبضہ

,

   

رامپور کی173ایکڑ زمین حکومت کے نام رجسٹرڈ
لکھنو : سماج وادی پارٹی کے طاقتور لیڈر محمد اعظم خان کو حکومت نے ایک اور جھٹکہ دیا ہے ۔ رامپور میں واقع مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کی 173 ایکڑ اراضی پر حکومت نے قبضہ کرلیا ہے ۔ اس کے علاوہ جوہر یونیورسٹی کی 1400 بیگھا زمین کو حکومت نے اپنے نام درج کرلیا ہے ۔ اترپردیش کابینہ کے سابق وزیر اعظم خان کی رامپور کی اراضی کو ضلع نظم و نسق نے اپنے قبضہ میں لینے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں ۔ اعظم خان کے ارکان خاندان اس ٹرسٹ کو چلاتے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی عدالت جے پی گپتا نے رولنگ دی کہ ٹرسٹ نے اراضی کی خریدی کے دوران اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے ایس ڈی ایم کے ذریعہ تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ اعظم خان نے یہ اراضی خریدکر یونیورسٹی تعمیر کروائی تھی ۔ بی جے پی حکومت آنے کے بعد سے اترپردیش میں جوہر یونیورسٹی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے ۔ اے ڈی ایم انتظامیہ رام پور کی عدالت نے کہا کہ محمد علی جوہر ٹرسٹ کے صدر نے حکومت کی طرف سے ساڑھے بارہ ایکڑ سے زائد خریدنے کی جو اجازت دی تھی ، جن شرائط کی بنیاد پر اجازت نامہ دیا گیا ان پر عمل نہیں کیا گیا ۔