افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے:پاک آرمی چیف

   

راولپنڈی: پاک فوج کے کور کمانڈرز نے کہا ہیکہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی، علاقائی اور مقامی سیکیورٹی صورتحال بشمول لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کانفرنس نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔ اجلاس میں افغان امن عمل میں پیشرفت اور اس کے پاک افغان سکیورٹی پر اثرات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ شرکاء نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔