افغانستان میں پائیدار امن اور مصالحتی عمل میں تیزی لانے عمران کا امریکہ کو تیقن

   

اسلام آباد ۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکہ کو تیقن دیا ہیکہ افغانستان میں قیام امن اور مصالحت کے عمل میں تیزی لائی جائے گی لہٰذا اس سلسلہ میں وہ تمام فریقین جو اس عمل میں اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں ان کا یہ فرض ہیکہ وہ جنگ زدہ افغانستان میں خونریزی کو کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ افغان امن کیلئے امریکہ کے خصوصی قاصد زلمے خلیل زاد سے پیر کے روز ہوئی ملاقات میں عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سیکوریٹی کا قیام اور ملک میں پائیدار ترقی اور افغانستان کے علاوہ پورے خطہ میں خوشحالی کو یقینی بنانا پاکستان کے سب سے بڑے قومی مفاد میں شامل ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ عمران خان نے افغانستان میں پائیدار امن اور مصالحتی عمل کی گذشتہ سال جو لانچنگ کی تھی اس میں مزید تیزی لائی جائے گی جس کیلئے پاکستان اپنا تمام تر تعاون پیش کرے گا۔