افغانستان میں پھنسے ضلع کولگام کے دونوں اساتذہ محفوظ ہیں: منوج سنہا

   

سرینگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پھنسے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والے دونوں اساتذہ محفوظ ہیں اور انہیں بہت جلد گھر واپس لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے مذکورہ دونوں اساتذہ کی گھر واپسی کے لئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ شری وی مرلی دھرن سے بات کی ہے ۔بتادیں کہ ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والے پروفیسر آصف احمد اور پروفیسر عادل رسول افغانستان میں بختار یونیورسٹی میں پڑھا رہے تھے ۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اس سلسلے میں منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘میں نے وزیر مملکت برائے امور خارجہ شری وی مرلی دھرن جی کے ساتھ کولگام سے تعلق رکھنے والے کابل کی بختیار یونیورسٹی میں تعینات دو پروفیسروں کی فوری گھر واپسی کے لئے بات کی۔ انہوں یقین دہانی کی کہ حکوت افغانستان میں پھنسے اپنے ہر شہری کو جلد سے جلد گھر واپس لانے کے لئے پر عزم ہے ’۔انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ‘میں پروفیسر آصف احمد اور پروفیسر عادل رسول کے اہلخانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ دونوں محفوظ ہیں اور بہت جلد اپنے گھر پہنچ جائیں گے۔