افغانستان میں 10 طالبان دہشت گرد ہلاک

   

کابل؍تالقان ۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے قندوز اور قندھار صوبوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فوج اور خصوصی مہم فورسز کی مہمات کے دوران کم از کم 10 طالبان دہشت گرد مارے گئے ۔مقامی خبررساں ایجنسی خامہ نے اتوار کو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ افغان اسپیشل فورسز نے قندوز صوبے کے ضلع خان آبادمیں چھاپہ ماری کے دوران پانچ طالبان دہشت گردوں کو مار گرایا اور ان کے چار گرینیڈ راکٹ کو تباہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق قندھار صوبے کے ضلع خاقریزمیں چلائی گئی الگ الگ مہم کے دوران پانچ طالبان دہشت گرد مارے گئے ۔طالبانی دہشت گردوں کی قندوز اور قندھار صوبوں میں نسبتا بڑا غلبہ ہے ، جہاں وہ اکثر پولیس، اسپیشل فورسز اور شہریوں پر حملہ کرتے رہتے ہیں۔ تالقان سے موصولہ اطلاع کے بموجب صوبہ تخار میں دو مسلح گروپوں کے مابین فائرنگ میں نو افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے ۔ ہفتہ کی رات تالقان شہر کے شمال مشرقی علاقے میں واقع روستاق ضلع میں دو مسلح گروپوں کے ممبروں کے درمیان شروع ہوئی بحث نے غصے کی شکل اختیار کر لی اور دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہو گئی۔پولیس نے بعد میں نو لاشیں برآمد کیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دہشت گرد گروپ کے رکن ہیں۔ پولیس نے واقعہ کی جانچ شروع کر دی ہے ۔