افغانستان میں 2 فوجی ہیلی کاپٹروں میں تصادم ، 15 سپاہی ہلاک

   

کابل:افغانستان کے صوبہ ہلمند کے ضلع ناوا میں فوج کے دو ہیلی کاپٹروں کی ٹکرمیں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسیس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ منگل کی رات افغان فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر جنوبی ہلمند کے ضلع ناوا میں گر کر تباہ ہوگئے ۔ اس حادثے میں کم از کم 15 افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر کمانڈوز کو نیچے لے جارہے تھے اور زخمی سکیورٹی فورسیس کو لے جارہے تھے ۔ایک اور ذریعہ نے بتایا کہ اس حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے ۔وزارت دفاع نے اس حادثے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان عمر ذواق نے ضلع ناوا میں ہونے والے حادثے کی تصدیق کی ہے لیکن تفصیلات نہیں بتائیں۔