فہیم قریشی اور تفسیر اقبال نے راجندر نگر بوائز اقامتی اسکول کا معائنہ کیا
حیدرآباد 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) نائب صدرنشین اور صدر تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائٹی محمد فہیم الدین قریشی نے سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس کے ہمراہ راجندر نگر بوائز اقامتی اسکول کا دورہ کیا اور طلبہ کو دی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ پردھان منتری جن وکاس کاریکرم اور ملٹی سیکٹوریل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت وسیع و عریض کامپلکس تعمیر کیا گیا ہے۔ اسکول میں عصری کلاس رومس، لیابس، لائبریری، پلے گراؤنڈ اور علیحدہ ہاسٹل بلاک تعمیر کیا گیا۔ فہیم قریشی اور تفسیر اقبال نے طلبہ اور اسٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کی اور طلبہ کو دی جانے والی غذا کو طلبہ کے ساتھ نوش کیا۔ اُنھوں نے اسکول کے معیار تعلیم کے بارے میں بھی طلبہ سے بات چیت کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اسکول اور جونیر کالج سنٹر فار ایکسلنس کے طور پر کام کررہا ہے جہاں طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی کوچنگ دی جارہی ہے۔ اسٹاف ممبرس کو مشورہ دیا گیا کہ وہ امتحانات میں طلبہ کے بہتر نتائج کے لئے مساعی کریں۔ فہیم قریشی نے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے 20 کروڑ روپئے کی اجرائی پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ ایم ایس ڈی پی اسکیم کے پہلے مرحلہ میں 7 اسکولوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا اور نئی عمارتوں میں اسکول منتقل ہوچکے ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں 6 عمارتوں کو مکمل کیا گیا ہے۔ پردھان منتری جن وکاس کاریکرم کے پہلے مرحلہ میں 10 عمارتوں کی تعمیر کا آغاز ہوا جن میں 2 مکمل ہوچکے ہیں اور 6 اختتامی مراحل میں ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں 31 اسکولوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ 5 عمارتیں آخری مراحل میں ہیں جبکہ 2 بیسمینٹ کی سطح پر ہیں۔ 4 اسکولوں کی تعمیر کے لئے معاہدہ کیا جانا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 20 اسکولوں کے تعمیری کاموں کا آغاز باقی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں میں منتقلی کا فیصلہ کیا ہے۔ 1