اقتدار کے پہلے سال افغان معیشت کمزورمگر طالبان مضبوط ہو گئے

   

افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کو ایک برس مکمل ہو گیا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ایک سال کے عرصے کے دوران دنیا کے کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تاحال تسلیم نہیں کیا جب کہ شدید معاشی مسائل، سیکیورٹی چیلنجز اور طالبان حکومت کے متعارف کردہ سخت قوانین نے افغان عوام کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق طالبان حکام نے سرکاری طور پر اقتدار کا ایک سال مکمل ہونے پر کسی بھی تقریب کا اعلان نہیں کیا البتہ سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ وہ اس مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کرے گا۔طالبان کے جنگجو اقتدار میں آنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں تاہم امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ لگ بھگ چار کروڑ آبادی والے ملک میں سے آدھی آبادی شدید غربت کا شکار ہے۔