اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست

   

راجندر کو اقلیتوں سے دلچسپی نہیں، حضور آباد کے اقلیتوں سے کے ایشور اور ونود کمار کی ملاقات
حیدرآباد۔21 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) حضورآباد میں اقلیتی رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے جمی کنٹہ منڈل سے تعلق رکھنے والے اقلیتی ووٹرس کا اجلاس طلب کیا ۔ اقلیتوں کے اجلاس سے خطاب میں کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے کے سی آر حکومت نے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس اور تلگو دیشم حکومتوں نے اقلیتوں کے ساتھ محض وعدے کئے اور ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر تمام طبقات کی یکساں تر قی کے حق میں ہیں ، جس طرح دلتوں کیلئے دلت بندھو اسکیم متعارف کی گئی ، اسی طرح اقلیتوں اور دیگر طبقات کیلئے معاشی امداد کی اسکیم حکومت کے زیر غور ہے۔ اقلیتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ بی جے پی اور کانگریس کے بہکاوے میں نہ آئیں اور ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ: ونود کمار نے کہا کہ مسلمانوں میں غربت اور ناخواندگی کے خاتمہ کیلئے حکومت نے اقامتی اسکولوں کا جال پھیلایا ہے جس کے تحت لاکھوں اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کی کئی اسکیمات کی ستائش کرتے ہوئے بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ بی جے پی امیدوار راجندر نے ریاستی وزیر کی حیثیت سے کبھی بھی اقلیتوں کی بھلائی پر توجہ نہیں کی ۔ انہیں اقلیتوں سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ر