نیویارک : پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک پر زور دیا ہیکہ وہ ان تقریباً 200 روہنگیا پناہ گزینوں کو بچائیں، جن کی کشتی گزشتہ ایک ہفتے سے بھی زیادہ وقت سے سمندر میں ٹوٹنے کے بعد سے بے یار و مددگار تیر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی (یو این سی ایچ آر) نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ اسے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ یکم دسمبر کو روہنگیاؤں کی اس کشتی کا انجن فیل ہو گیا تھا اور تبھی سے روہنگیا پناہ گزیں تھائی لینڈ کے ساحل پر کشتی پر پھنسے ہوئے ہیں۔ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہیکہ کشتی میں سوار افراد کئی دنوں سے خوراک اور پانی کے بغیر ہیں اور پانی کی انتہائی قلت کا شکار ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ اس کے پاس ایسی غیر تصدیق شدہ معلومات بھی ہیں کہ ان مسائل کی وجہ سے بعض مہاجرین کی موت ہو گئی ہے۔اس کا کہنا تھا کہ اگران لوگوں کو بچا کر کشتی سے اتارا نہیں گیا، تو آنے والے دنوں میں مزید ہلاکتوں کا خطرہ ہے۔تقریباً 200 روہنگیا پناہ گزینوں پر مشتمل ایک کشتی ٹوٹنے کے بعد ایک ہفتے سے بھی زیادہ عرصے سے بحیرہ انڈمان میں بہہ رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے جنوب مشرق ایشیائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس کشتی کو ڈوبنے سے بچا لیں۔