الزاری جوزف اور شائی ہوپ بنگلہ دیش ٹسٹ سیریز سے باہر

   

پورٹ آف اسپین، 14 اکتوبر (یواین آئی) ویسٹ انڈیز کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں فاسٹ بولر الزاری جوزف اور شائی ہوپ کے بغیر میدان میں اترے گی۔ جوزف کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیاگیا ہے ، جبکہ سفیدگیند کی ٹیم کے کپتان ہوپ کو آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر سے قبل آرام دیا گیا ہے ۔ جوزف کو معمول کے طبی معائنے اور ماہرین سے مشاورت کے بعد ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ٹسٹ کرکٹ میں جسمانی محنت اور مسلسل تیز رفتار بولنگ سے زخمی ہونے کے خطرے کے پیش نظر ان کا ورک لوڈ منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔29 سالہ جوزف ٹیم کے میڈیکل اسٹاف اور ماہرین کے ساتھ کام جاری رکھیں گے ۔ ان کی جگہ آل راؤنڈرکیمو پال کو 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ تینوں فارمیٹ میں مسلسل کھیلنے والے ہوپ کو بھی آرام دیا گیا ہے ۔ سی ڈبلیو آئی فروری2027 میں ہونے والے آئی سی سی مردوں کے کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر سے قبل ان کا ورک لوڈ منظم کررہا ہے ۔ اس سیریزکے ذریعہ23 سالہ کیون وِکھم کو پہلی بار ویسٹ انڈیزکی ٹسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے2026 ویسٹ انڈیز چمپئن شپ میں مسلسل تین سنچریاں اسکورکی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچریوں کی تعداد25 میچوں میں چھ ہوگئی ہے ۔ زخموں سے صحت یاب ہونے کے بعد جان کیمبل کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ وہ پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں نہیں کھیل سکے تھے ۔ ویسٹ انڈیز اس وقت ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر ہے ۔ ویسٹ انڈیز 28اکتوبر کو میرپور میں پہلا ٹسٹ جبکہ دوسرا ٹسٹ5 سے 9 نومبر تک سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم: روسٹن چیز (کپتان)، جومیل واریکن ، جوشوا بشپ، جان کیمبل، ٹیگنارائن چندرپال، جوشوا ڈا سلوا، جسٹن گریوز، کاویم ہاج، عامر جانگو، شمار جوزف، برینڈن کنگ، کیمو پال، کیمار روچ، جیڈن سیلز، کیون وِکھم۔