الشفاہاسپٹل سے بازیاب ’انس‘ ماں کی آغوش میں واپس آگیا

   

غزہ: غزہ کے الشفا اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے بعد وہاں سے ریسکیو کیے جانے والے 31 بچوں کو جنوبی غزہ پہنچانے کے بعد ایک فلسطینی ماں اپنے بچے کو نہیں ڈھونڈ سکی تھی۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق رفح کے اسپتال میں پہنچائے جانے والے نوزائیدہ انس کو اس کی ماں وردہ سبیتا نے گود میں لیتے ہوئے شکر ادا کیا۔روئٹرز ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے فلسطینی ماں نے کہا تھا کہ اتنے دن گزر جانے کے بعد میں اپنے بچے کو زندہ دیکھنے کی امید کھو رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر نے رفح کے ایک اسپتال میں نوزائیدہ یونٹ کے سربراہ کی طرف سے فراہم کردہ ناموں کی فہرست دیکھی، اس اسپتال میں بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی تھی اور فہرست میں انس کا نام تھا۔فرط جذبات سے لبریز ماں نے اسپتال میں اپنے بیٹے کو زندہ دیکھتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمارا بچہ محفوظ ہے اور ہمیں مل گیا ہے۔والدین کے اسپتال پہنچتے وقت انس ہلکے نیلے رنگ کے رومپر میں ملبوس انکیوبیٹر میں پرسکون انداز میں سو رہا تھا۔32 سالہ وردہ سبیتا نے بتایا کہ غزہ سٹی میں ہمارا گھر جنگ کی نذر ہونے کے بعد وہ اور ان کا خاندان جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے ایک اسکول میں رہ رہے ہیں۔