اللہ کے مہمانوں کیلئے خانہ کعبہ کو معطر کرنے کا اہتمام

,

   


ریاض ( کے این واصف ): مہمانان رب العزت کی سہولت و آرام سے مناسک ادا کرنے کے لئے سعودی حکومت کوئی دقیقہ فردگزاشت نہیں چھوڑتی۔ یہان تک کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کی نماز کے لئے مسجد الحرام مکہ مکرمہ آنے والے زائرین کا اب خیرمقدم بہترین خوشبویات اور عود سے کیا جا رہا ہے۔الاخباریہ چینل کے مطابق مسجد الحرام، اس کے صحنوں، دالانوں اور خانہ کعبہ کو خاص طور پرجمعہ کے روز خوشبویات سے معطر کیا جاتا ہے۔یہ کام خانہ کعبہ کی تعظیم،عمرہ زائرین اور نمازیوں کو خوشبوؤں سے معطر ماحول میں عبادت کیلئے کیا جارہا ہے۔ معطر ماحول میں عبادت گزاروں کو آرام و سکون ملتا ہے۔مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے لئے ہر روز بڑی مقدار میں اعلی درجے کا عود جو المعتق السیوفی الکلمنتان اور المروکی کے نام سے معروف ہیں استعمال کیا جا رہا ہے۔حجر اسود، ملتزم (خانہ کعبہ کے دروازے کی چوکھٹ) اور رکن یمانی کو معطر کرنے کے لیے 20 تولہ عود ہر روز لگایا جاتا ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کیلئے تمام سہولتیں مہیا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ حج کے موقع پر بھی حکومت کی جانب سے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔کورونا وبا کے بعد تما م پابندیوں کے خاتمہ سے زائرین اور عازمین پر سکون ماحول میں عمرہ و حج ادا کرسکیں گے ۔