الیکشن کمیشن ،بہار میں مودی حکومت کا ایجنٹ

   

کورونا کے نام پر جانبداری ، سی پی آئی امیدواراودھیش کمار کا الزام

پٹنہ : بہار اسمبلی انتخاب میں بچھواڑا اسمبلی حلقہ سے سی پی آئی امیدوار اودھیش کمار کو صرف 484 ووٹوں سے شکست ہوئی ۔ اس شکست کا ذمہ دار اودھیش کمار نے انتخابی کمیشن کو ٹھہرایا اور اس پر کئی طرح کے الزامات عائد کیے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مودی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا جس کی وجہ سے کئی نشستوں پر نتیجہ این ڈی اے کے حق میں گیا۔ اودھیش کمار نے’نیشنل ہیرالڈ‘ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹ شماری کے دن شام تک سبقت بنائے ہوئے تھے، لیکن آخر میں انھیں شکست خوردہ قرار دیا گیا۔اودھیش کمار نے کہا کہ انتخابی کمیشن نے کورونا وبا کے بہانے سے ووٹوں کی گنتی میں گڑبڑکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کورونا وبا کو ہمارے (مہاگٹھ بندھن) کے خلاف استعمال کیا گیا جب کہ این ڈی اے کو اس کا فائدہ دیا گیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر میں صبح سے ہی سبقت بنائے ہوئے تھا تو آخر کس طرح ووٹ شماری ختم ہونے پر ہارگیا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس نشست سے بی جے پی کے سریندر مہتا نے کامیابی حاصل کی۔اودھیش کمار سے جب یہ سوال کیا گیا کہ آخر انتخابی کمیشن نے کس طرح این ڈی اے کی جیت میں مدد کی، تو انھوں نے الزام عائد کیا کہ ہر قدم پر الیکشن کمیشن نے جانبداری کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمارے پولنگ ایجنٹ کو گنتی والے دن دوپہر تک فہرست نہیں دی گئی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنا کام صحیح طرح سے نہیں کیا۔‘‘