الیکشن کمیشن نے ریاستی وزیر کونڈا

   

سریکھا کی سرزنش کی،کے ٹی آر کے خلاف ریمارکس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، آئندہ احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاستی وزیر اور کانگریس کی اسٹار کیمپینر کونڈا سریکھا کو کے ٹی آر سے متعلق ان کے ریمارکس پر سخت تنبیہہ کی اور مستقبل میں احتیاط کا مشورہ دیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے پرنسپل سکریٹری اویناش کمار نے آج احکامات جاری کئے جو کونڈا سریکھا کو چیف الیکٹورل آفیسر کے ذریعہ روانہ کئے گئے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ناراضگی جتائی ۔ واضح رہے کہ بی آر ایس قائدین نے 6 اپریل کو ریاستی وزیر کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی کہ یکم اپریل کو کونڈا سریکھا نے کے ٹی راما راؤ کو بی آر ایس کے خلاف سنگین ریمارکس کئے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر سے کمیشن نے رپورٹ طلب کی اور 16 اپریل کو وکاس راج نے کمیشن کو رپورٹ روانہ کی جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ورنگل نے 15 اپریل کو رپورٹ روانہ کی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے کونڈا سریکھا کے بیان کی تفصیلات روانہ کی اور اسے الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا۔ 1

کمیشن نے اپنے احکامات میں کہا ہے کہ ریاستی وزیر پر الفاظ کے استعمال کے سلسلہ میں احتیاط سے متعلق زائد ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور انہیں کسی بھی ثبوت کے بغیر مخالف سیاسی قائدین کی کردار کشی سے گریز کرنا چاہئے۔ کمیشن نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ کونڈا سریکھا کے الزامات مخالفین کے کردار کو مسخ کرنے کی کوشش ہے اور یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ کمیشن نے کونڈا سریکھا کو تنبیہہ کرتے ہوئے آئندہ احتیاط کی تاکید کی۔ 1