امارات میں مقیم 5 ہندوستانی ارب پتی فوربس کی فہرست میں شامل

   

کیرالا کے پدم شری یوسف علی خلیجی ملک میں دولت مند ترین ہندوستانی ، جگتیانی اور شٹی دیگر نام
دبئی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں پانچ ہندوستانیوں کے نام فوربس کی طرف سے 2019ء کیلئے تیار کردہ عالمی دولت مند افراد کی فہرست میں شامل کئے گئے ہیں۔ ان پانچ ہندوستانیوں میں تین کا تعلق کیرالا سے ہے اور تمام پانچ کی مجموعی دولت 15.1 ارب امریکی ڈالر (1.04 کھرب روپئے) ہے۔ سرکردہ ریٹیل بزنسمین ایم اے یوسف علی، فوربس کی عالمی فہرست میں 394 مقام پر ہیں جو تقریباً 4.7 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں سب سے زیادہ دولت مند ہندوستانی ہیں۔ پدما شری ایوارڈ یافتہ یوسف علی کا تعلق کیرالا میں ضلع تھروسور کے علاقہ نٹیکا سے ہے۔ وہ لولو گروپ انٹرنیشنل کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔ لولو ہائپر مارکٹ چین ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ ان کے بعد دبئی میں واقع لینڈ مارک کے مالک مکی جگتیانی ہیں۔ ان کے کاروباری ادارہ کے اثاثوں کی مالیت 4 ارب روپئے ہے۔ فوربس کی فہرست میں وہ 478 ویں مقام پر ہیں۔ جگتیانی جو کویت میں پیدا ہوئے تھے، ان کی تعلیم چینائی، ممبئی اور بیروت میں ہوئی۔ بعدازاں لندن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ان دونوں کے علاوہ ابوظبی میں واقع این ایم سی ہیلتھ کیر کے بانی و صدرنشین بی آڑ شٹی 2.8 ارب امریکی ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ تیسری ہندوستانی ہیں۔ کیرالا کے سی ورکے ماہر تعلیم و مخیر شخص ہیں جو امارات میں چوتھے دولت مند ہندوستانی ہیں۔ فوربس کی فہرست میں ان کا 962 واں مقام ہے۔ اومانی پراپرٹیز ڈیولپر پی این سی مینن بھی کیرالا کے ضلع تھروسور سے تعلق رکھتے ہیں جو 1.1 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ فوربس کی فہرست میں 1,941 ویں مقام پر ہیں۔