امارات میں 30 اگست سے نئے تعلیمی سال کا آغاز

,

   

دبئی ۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں 30 اگست سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا لیکن تدریسی عمل فاصلاتی نظام کے ذریعے ہی جاری رہے گا اور طلبہ بدستور گھروں ہی میں رہ کر تعلیم حاصل کریں گے۔امارات کے وزیر تعلیم حسین ابن ابراہیم الحمادی نے نئے تعلیمی سال کے آغازکا اعلان کیا ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق وزیر تعلیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تعلیم بدستورحکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور ترجیحی قومی مقاصد میں سے ایک ہے۔اس لئے ہماری قیادت نے موجودہ صورت حال میں فاصلاتی تعلیمی نظام کے نفاذ کی ہدایت دی ہے تاکہ ہمارے طلبہ کی پڑھائی کا کوئی حرج ہو اور نہ ان کے تعلیمی سال کا کوئی ایک دن ضائع ہو۔ امارات میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مارچ کے اوائل میں اسکول بند کردیے گئے تھے۔کئی ہفتے کے وقفے اور ایسٹر کے بعد محکمہ تعلیم کے حکام نے فاصلاتی تدریس کاآغاز کیا تھا اور طلبہ آن لائن وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے گھروں ہی میں رہ کر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔اسکولوں کی انتظامیہ اور اساتذہ تعلیمی سال کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل 23 اگست کو حاضر ہوں گے اور تدریسی عمل کی تیاریاں شروع کردیں گے۔وزیر تعلیم الحمادی نے کہا کہ یو اے ای کی قیادت کی روشن خیال پالیسی اور طلبہ اور ان کے والدین کے عزم کی وجہ سے فاصلاتی تدریس کا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔