امارات کا لبنان میں دوبارہ سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات اور لبنان نے جمعرات کو صدر شیخ محمد بن زاید اور نگراں وزیرِ اعظم نجیب میقاتی کے درمیان ملاقات کے دوران بیروت میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔ امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق ابوظہبی میں ملاقات کے دوران محمد بن زاید نے لبنان کیلئے استحکام، سلامتی اور خوشحالی سے لطف اندوز ہونے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وام نے کہاکہ فریقین نے بیروت میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کیلئے ضروری اقدامات اور ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا جو لبنانی شہریوں کے متحدہ عرب امارات میں داخلے کے ویزوں کے اجراء میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ایک طریقہ کار تیار کرے۔اگست میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں مسلح گروہوں کے درمیان ایک ہفتے کی شدید لڑائی کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ لبنان کا سفر نہ کریں جس کے نتیجے میں دیگر خلیجی ممالک نے بھی ایسی ہی پابندی جاری کر دی۔میقاتی اور شیخ محمد نے ابوظہبی اور بیروت کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں بشمول دونوں ممالک کے مفادات کیلئے ترقی اور معیشت کے بارے میں بات کی۔