تہران، 27 جون (یو این آئی) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کے روز اعتراف کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے ایران کی نیوکلیئر تنصیبات کو ‘کافی نقصان’ پہنچا ہے ۔یہ بیان سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ملک کے فوجی گروپ پاسداران انقلاب کے دعووں کے برعکس ہے ۔عباس عراقچی نے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نیوز کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ نیوکلیئر ٹھکانوں کو ‘شدید نقصان’ پہنچا ہے اور ابھی نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے ۔ان کا بیان خامنہ ای اور پاسداران انقلاب کے دعووں کے برعکس ہے ، جنہوں نے ان حملوں کو معمولی قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی الحال بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی کو ایران آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
روس میں افغان بچے پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ
کابل، 27 جون (یو این آئی) افغانستان کی عبوری حکومت نے روسی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ماسکو میں دو سالہ افغان بچے پر حملے کی مکمل تحقیقات کریں اور مجرم کو سزا دلانا یقینی بنائیں۔ بیلاروس کے شہری نے 24جون کو ماسکو کے شیرمیٹیوو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر افغان بچے پر حملہ کیا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ افغان وزارت خارجہ نے اپنے سفارت خانہ کے مشیر حافظ عبداللہ یاسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے کیلئے سفارتی اور قانونی دونوں طرح کی کارروائی کریں اور متاثرہ خاندان کو ضروری مدد فراہم کریں۔