واشنگٹن ء امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے جس کے تحت امریکہ کو اقوام متحدہ کے کئی اداروں، بشمول اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹرمپ نے فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کے لیے فنڈنگ روکنے کی دستاویز پر بھی دستخط کیے۔ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق امریکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور فلسطینیوں کے لیے قائم اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا سے دستبردار ہو رہا ہے جبکہ امریکہ اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (UNESCO) میں اپنی شمولیت پر نظرِثانی کرے گا۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی مالی معاونت کا بھی وسیع پیمانے پر جائزہ لیا جائے گا۔