امریکہ تجارتی نظام کو کمزور کرنے والے ٹیرف ہٹائے: چین

   

بیجنگ: بیجنگ نے امریکہ کے نئے یکطرفہ ٹیرف ڈبلیو ٹی او کے ضوابط کی خلاف ورزی اور کثیر الجہتی تجارتی نظام کو نقصان پہنچانے والا قرار دیتے ہوئے واشنگٹن سے انہیں فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیاہے ۔ چین کی وزارت تجارت نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے بیجنگ پر امریکہ میں منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے میں غیر موثر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے چین سے درآمدی ڈیوٹی کو 10 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر دیا تھا۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ چین نے بارہا کہا ہے کہ امریکی یکطرفہ ٹیرف ڈبلیو ٹی او کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور کثیر الجہتی تجارتی نظام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح امریکہ نہ صرف اپنے مسائل خود حل نہیں کر سکے گا بلکہ چین امریکہ تجارتی اور اقتصادی اور عام بین الاقوامی تجارتی نظام کو بھی نقصان پہنچائے گا۔ وزارت نے کہا کہ چین امریکہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے حقوق اور مفادات کا احترام کرے اور اپنے غیر منصفانہ اور غیر معقول یکطرفہ ٹیرف اقدامات کو فوری طور پر ہٹائے ، جو دوسروں اور اسے بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔