امریکہ تیسرے فریق کو امن معاہدے میں رکاوٹ کی اجازت نہ دے: طالبان

   

قطر ۔ /20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ اخونزادہ نے کہا ہے کہ طالبان امریکہ کے ساتھ دوحہ میں طے پانے والے امن معاہدے پر قائم ہیں۔ البتہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ معاہدے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کر کے اس اہم موقع کو ضائع ہونے سے بچائے۔ہیبت اللہ نے عید الفطر سے پہلے اپنے پیغام میں امریکہ، طالبان امن معاہدے کو ایک بار پھر اپنی بڑی کامیابی قرار دیا۔ اْنہوں نے کہا اس معاہدے پر خلوص نیت سے عمل درآمد تمام فریقوں کے مفاد میں ہے۔طالبان سربراہ نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسے کسی تیسرے فریق کو اجازت نہیں دینی چاہیے کہ وہ عالمی طور پر تسلیم شدہ اس معاہدے پر عمل دریمد میں رکاوٹ بنے۔اخونزادہ نے کہا کہ دوحہ معاہدے میں سب کچھ واضح طور پر طے کر دیا گیا ہے۔ ان کے بقول یہ معاہدہ افغانستان اور امریکہ کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے ایک بہترین فریم ورک مہیا کرتا ہے جس پر پوری طرح عمل درآمد ہونا چاہیے۔ہبیت اللہ نے امریکہ سے کہا کہ”آئیں مل کر اس معاہدے کے نفاذ کی طرف پیش رفت کریں تاکہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد خطے میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔”