امریکہ خود بدنام ہورہا ہے، پوٹن کو گالی دینے پر روس کی بائیڈن پر تنقید

   

ماسکو : امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو گالی دینے پر کریملن کے ترجمان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسی زبان استعمال کرکے امریکہ دنیا میں خود بدنام ہو رہا ہے‘۔گزشتہ روز (21 فروری کو) سان فرانسسکو میں فنڈ جمع کرنے کے دوران جوبائیڈن نے پوٹن کو گالی دیتے ہوئے جوہری تنازعے کے جاری خطرے کو اجاگر کیا، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسان کے لیے سب سے اہم خطرہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔بائیڈن نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے بڑا خطرہ موسمیاتی تبدیلی سے ہے، انہوں نے پوٹن کو گالی دیتے ہوئے کہا کہ اس جیسے دیگر رہنما مسائل پیدا کرسکتے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں جوہری تنازعہ پر فکرمند رہنا پڑتا ہے۔امریکی صدر کی طرف سے کیے گئے تبصروں کے جواب میں کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ’امریکی صدر کی جانب سے کسی دوسرے ملک کے رہنما کے خلاف ایسی زبان کے استعمال سے صدر پیوٹن کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ ایسی زبان استعمال کرنے والوں کا دنیا میں وقار کم ہوتا ہے۔دمتری پیسکوف نے کہا کہ جو بائیڈن اس طرح کے تبصرے کرکے ہالی ووڈ ہیرو بننے کی کوشش کررہے ہیں لیکن سچ کہوں تو مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ممکن ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ’کیا پوٹن نے کبھی آپ کو مخاطب کرنے کے لیے غیر مہذب الفاظ استعمال کیے ہیں؟ ایسا کبھی نہیں ہوا، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے الفاظ استعمال کرکے امریکا خود ہی بدنام ہورہا ہے۔