امریکہ میں آئی ایم ایف دفتر کے باہر پی ٹی آئی کا مظاہرہ

   

واشنگٹن :امریکہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔پی ٹی آئی کے مظاہرے میں شامل افراد نے آئی ایم ایف سے پاکستان کو قرض دینے سے پہلے کڑی شرائط عائد کرنے ، قسط کا اجرا الیکشن نتائج اور دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات سے جوڑنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اورافواج پاکستان کے خلاف بینر لگا رکھے تھے ۔ ذرائع کے مطابق مظاہرے میں شریک بانی پی ٹی آئی کے قریبی ساتھی شہبازگل کو پارٹی قیادت کی جانب سے مظاہرے کے انعقاد کا ٹاسک دیا گیا، مظاہرے کیلئے مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز کی مدد لی گئی۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی تیسری قسط کے اجرا سے قبل جائزے کیلئے پاکستان میں موجود ہے اور پاکستانی حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔
کولوراڈو میں شدید برف باری، نظام زندگی مفلوج
واشنگٹن :امریکی ریاست کولوراڈو میں آنے والے شدید برفانی طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ، ریاست میں 4 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برفانی طوفان کے سبب ریاست کولوراڈو میں اسکولوں اور دفاتر کو بند کردیا گیا ہے ، جبکہ 800 سے زائد پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔امریکی ریاست کولوراڈو میں برفانی طوفان کے باعث ایک لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کنساس کے مختلف علاقوں میں شدید برفانی طوفان آسکتا ہے ۔