امریکہ میں اسنا کا 61 واں سالانہ کنونشن

   

نیویارک : اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (ISNA) کا 61 واں سالانہ کنونشن ڈیلس میں واقع ہوٹل اناٹول کنونشن سینٹر میں شروع ہو چکا ہے جس میں امریکہ بھر سے تقریباً 20 ہزار کمیونٹی ارکان کی شرکت متوقع ہے۔ آج کنونشن کے پہلے روز مرکزی صدر اسنا اور دیگر عہدیدارن نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس کنونشن میں 150 سے زائد ممتاز مقررین کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ہے اور راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن کے علاوہ بین المذاہب رسیپشن اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 500 سے زائد بوتھ کے ذریعہ اسنا بازار اور کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں گلوکاروں اور قوالی کے پرگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ کنونشن کے پہلے روز نمازِ جمعہ کے بعد افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منتخب عہدیداروں اور کمیونٹی لیڈرز نے شرکت کی۔ اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (اسنا) مسلمانوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جس کے تحت ہر سال امریکہ کی مختلف ریاستوں میں سالانہ کنونشن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ڈیلس میں ہونے والا یہ کنونشن اسنا کی 61 سالہ تاریخ میں پہلا کنونشن ہے جو کہ ڈیلس میں منعقد کیا جا رہا ہے، امریکہ میں مسلمانوں کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے جس میں امریکہ کے مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، بین الاقوامی لیڈرز اور وفاقی حکومت کے اعلیٰ عہدے دار شرکت کرتے ہیں۔
22 لوگوں کے ساتھ لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری
ماسکو : ایک روسی ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے تشویش کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ہیلی کاپٹر کی تلاشی مہم زور و شور سے شروع کر دی گئی ہے، لیکن اب تک کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کسی حادثہ کا شکار ہو گیا ہے، کیونکہ بہت کوششوں کے بعد بھی ہیلی کاپٹر یا پائلٹ سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاپتہ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ ٹیم کے تین اراکین کے علاوہ 19 افراد سوار تھے۔ یعنی ہیلی کاپٹر میں مجموعی طور پر 22 لوگ موجود تھے اور سبھی کی جان خطرہ میں دکھائی دے رہی ہے۔ موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ روس کے ایم آئی۔ 8 ٹی ہیلی کاپٹر نے ہفتہ کو روس کے مشرقی علاقے میں واقع کاماچاٹکا پینی سولا سے پرواز بھری تھی۔ روس کی فیڈرل ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے وچکازیٹس بیس سے پرواز بھری تھی، لیکن جب طے وقت پر بھی ہیلی کاپٹر اپنی منزل تک نہیں پہنچا تو تلاشی مہم شروع کی گئی۔ ایم آئی۔8 ٹی دو انجن والا ہیلی کاپٹر ہے جسے 1960 میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔
روس کے علاوہ کئی دیگر ممالک کے ذریعہ بھی اس ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اس ہیلی کاپٹر کے حادثہ کا شکار ہونے کی ایک طویل تاریخ بھی رہی ہے۔