امریکہ میں تین ہفتوں سے لاپتہ حیدرآبادی طالب علم محمد عرفات کی نعش دستیاب

   

حیدرآباد ۔9 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآبادی طالب علم عرفات کی نعش کلیولینڈ پولیس کو ملی ہے۔ نیو یارک میں ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے حیدرآباد میں عرفات کے والدین کو اس کی اطلاع دی گئی۔ سفارت خانہ نے بتایا کہ پولیس مشتبہ موت کی تحقیقات کر رہی ہے اور ان سے مسلسل رابطہ قائم رکھا جارہا ہے۔ عرفات کی موت کے بعد امریکہ میں اس سال مرنے والے ہندوستانی طالب علموں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ حیدرآبادی طالب علم محمد عبدالعرفات ایم ایس کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے گزشتہ سال امریکہ گئے تھے۔ وہ اوہائیو کی کلیولینڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔ کچھ ہفتوں قبل حیدرآباد میں ان کے والدین نے دعویٰ کیا کہ تھا کہ عرفات کا کچھ نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے اور اس کے ساتھی طلباء کی مدد سے کلیولینڈ پولیس میں اس معاملہ کی شکایت درج کرائی گئی۔ عرفات کے والد کا کہنا تھا کہ حال ہی میں انہیں دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوا جس میں 1200 ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ عرفات کے والدین نے اس معاملہ میں نیویارک میں ہندوستانی سفارتخانہ سے مدد طلب کی تھی۔