واشنگٹن:امریکی ریاست آئیوا کے علاقے میں کل فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، مبینہ حملہ آور کی لاش بھی دیگر نعشوں کے قریب ہی برآمد ہوئی جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس نے دیگر افراد کو قتل کر کے خودکشی کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صبح 6 بج کر 20 منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی کہ ’میکوکٹا پارک‘ کے ایک کیمپ میں 3 افراد کی نعشیں موجود ہیں جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔پولیس نے تلاش شروع کی تو حملہ آور کی نعش بھی پارک سے ہی برآمد ہوئی جو بظاہر اپنی گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔پولیس نے 23 سالہ حملہ آور کی شناخت کرلی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک 6 سالہ بچہ شامل ہے۔ واضح رہے کہ میکوکیٹا پارک ایک تفریحی مقام ہے جہاں گھاٹیاں اور غار موجود ہیں۔حالیہ عرصہ میں امریکہ کی مختلف ریاستوں میں گن کلچر کے واقعات سے عوام میں تشویش ہے ۔