امریکہ میں ڈاکٹرس کو ای میل کرنے پر مریضوں سے معاوضہ وصول کیا جائے گا

   

واشنگٹن:امریکہ میں ڈاکٹرس کو ای میل کرنے پر اب مریضوں سے معاوضہ وصول کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے اسپتالوں کے نظام مریضوں کی جانب سے ڈاکٹرس کو بھیجے جانے والے پیغامات پر فیس عائد کرنے جارہے ہیں۔ معالجین کے مطابق آن لائن پیغامات کا جواب دینے کے لیے ان کا کافی وقت صرف ہوتا ہے، کچھ ای میلز اتنی پیچیدہ ہوتی ہیں کہ ان میں انتہائی درجے کی طبی مہارت چاہیئے ہوتی ہے۔تاہم، مریضوں کا ماننا ہے کہ اس نئی فیس کا اطلاق لوگوں کی اپنے ڈاکٹرس تک رسائی میں مزید مشکلات حائل کرے گا اور ساتھ ہی امریکی نظامِ صحت کے بلنگ کے مشکل عمل میں مزید پیچیدگیوں کا اضافہ کرے گا۔ یہ فیس ہر مریض اور اسپتال کے نظام کے لیے مختلف ہوگی۔ وہ مریض جن کا صحت کا بیمہ ہوگا ان کو ان پیغامات کے لیے 3 ڈالرز جبکہ وہ مریض جو بیمے کے بغیر ہوں گے ان کو 160 ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔ مختلف صحت کے نظام، جنہوں نے نئی پالیسیوں کا اطلاق کیا ہے، کا کہنا ہے کہ انہوں نے مریضوں کو متنبہ کر دیا ہے کہ اگر وہ آن لائن پورٹلز کے ذریعے ڈاکٹرس کو پیغام بھیجیں گے تو ان سے فیس لی جائے گی۔