امریکہ نے ایرانی ڈرون نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کردیں

   

واشنگٹن: امریکہ کی جانب سے ایرانی ڈرون نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، ساتھ ہی متحدہ عرب امارات اور چین کی کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ نے ایران، عرب امارات اور چین کے 6 ادارے اور 2 ایرانیوں پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں اور ادارے ایران کیلئے ڈرون کے پرزے فراہم کررہے تھے ، جس کے سبب پابندیاں عائد کررہے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران دہشت گردوں اور روس کو میزائل فراہم کررہا ہے ۔دوسری طرف ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی لاریجانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو جوہری ہتھیاروں کے حصول کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل نہیں ہو رہا، لیکن ایران کے جوہری مسئلے پر کوئی بھی ایک امریکی غلطی اسے ایسا کرنے پر مجبور کر دے گی۔