امریکہ :ویزا درخواستوں کیلئے شرائط میں نرمی

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بعض غیر تارکین وطن ویزا درخواست دہندگان کے ذاتی انٹرویوز کو حاصل استثنیٰ کی نئی امریکی پالیسی 31 دسمبر سے فعال ہو جائے گی۔ میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ویزا کے انتظار کے اوقات کو کم کرنا ہے کیونکہ بعض جگہوں پر درخواست دہندگان کو انٹرویو کی تاریخ حاصل کرنے کے لئے ایک سال سے زیادہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کوویڈ۔19 وبائی بیماری کے نتیجہ میں محکمہ کی ویزا پروسیسنگ کی صلاحیت میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سفر کی بحالی کے ساتھ ہم قومی سلامتی کو اپنی ترجیح کے طور پر برقرار رکھتے ہوئے ویزا کے انتظار کے اوقات کو کم کرنے کے عارضی اقدامات کر رہے ہیں۔31 دسمبر (جمعہ) سے امریکی قونصلر افسران کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ مختلف زمرے میں شامل مثلاً پرسنز ان اسپیشلٹی اوکیوپیشنز (ایچ۔ون بی ویزا)، طلبہ کے لئے ویزا، عارضی زرعی اور غیر زرعی افراد، اسٹوڈنٹس ایکسینج، فنکاروں سے ذاتی انٹرویوز نہ لیں۔محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس نے امریکی معیشت پر عارضی ورک ویزا رکھنے والوں کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا ہے۔