امریکہ کا بیان قابضین کیلئے گرین سگنل : حماس

   

غزہ : حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی دعووں کی تائید کر کے واشنگٹن نے قابض فوج کو مزید قتل عام کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔حماس نے جاری کردہ بیان میں غزہ کے ہسپتالوں میں حماس کی موجودگی سے متعلق اسرائیلی دعووں کی تائید کرنے پر امریکہ کی مذّمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس غزہ کے ہسپتالوں کو استعمال نہیں کر رہی۔ پینٹاگون اور وائٹ ہاوس کی طرف سے جاری کئے گئے اس نوعیت کے بیانات اصل میں، قابض قوّتوں کو مزید قتل عام کرنے، عوام کو اپنی زمین سے جبّری ہجرت کروانے اور غزّہ کے ہسپتالوں میں وحشیانہ قتل عام میں اضافے کیلئے امریکہ کی طرف سے اسرائیل کو دیا گیا ایک گرین سگنل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ” ہم ایک دفعہ پھر اپیل کرتے ہیں کہ غزّہ میں اجتماعی نسل کشی کے براہ راست ذمہ دار ‘واشنگٹن’ اور اس کے اتحادی قابضوں کے جھوٹے دعووں کی تحقیق کے لئے اقوام متحدہ میں ایک کمیشن قائم کیا جائے۔ یہ کمیشن غزّہ کے تمام ہسپتالوں کا دورہ کرے اور یہاں ضروری تحقیقات کرے”۔واضح رہے کہ وائٹ ہاوس کے رابطہ افسر برائے قومی سلامتی و اسٹریٹجک مواصلات ‘جان کربی نے کل ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ہمیں اطلاع مِلی ہے کہ حماس، غزّہ کے بعض ہسپتالوں کے نیچے زیرِ زمین سرنگوں کو روپوش ہونے، عسکری آپریشن کرنے اور یرغمالیوں کو رکھنے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

جرمنی میں ریلوے میکانکس کی ملک گیر ہڑتال
برلن : جرمن مکینک لیبر یونین GDL نے محکمہ ریلوے ‘ڈوئچے بان’ کے ساتھ اجتماعی لیبر سمجھوتے پر مذاکرات میں ناکامی کے بعد ملک بھر میں وارننگ ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔GDL نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ غیر معمولی افراط زر کے مقابل آجروں کو زیادہ بہتر اْجرت دینے پر مجبور کرنے کے لئے ریلوے ملازمین آج، 20 گھنٹوں کی، اجتماعی وارننگ ہڑتال شروع کر رہے ہیں۔ڈوئچے بان کے ریلوے مکینکوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی ہڑتال آج مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہو گی اور کل شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔