واشنگٹن : حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق معاہدے کو مسترد کرنے کے معاملہ پر امریکہ نے قطر سے حماس وفد کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکہ کے کہنے پر قطر نے حماس وفد کو دوحہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق امریکہ کی جانب سے قطر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ دوحا میں حماس قیادت کی موجودگی کو مزید قبول نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اکتوبر کے وسط میں دوحہ میں ہوئے مذاکرات کا تازہ دور بھی ناکام ہوگیا تھا کیونکہ حماس نے قلیل مدتی جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کردیا تھا۔
میٹا پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا جرمانہ
سیول : جنوبی کوریا کے ایک نگراں ادارے نے ٹکنالوجی کمپنی میٹا پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا۔ کمپنی پر یہ جرمانہ فیس بک صارفین کی حساس معلومات (بشمول سیاسی و مذہبی نظریات) غیر قانونی طور پر اکٹھا کر کے ہزاروں مشتہرین کو شیئر کرنے کے سبب عائد کیا گیا ہے۔جنوبی کورین حکام کی جانب سے عائد کیا جانے والا یہ جرمانہ میٹا پر گزشتہ برسوں میں عائد کیے جانے والے جرمانوں میں تازہ ترین ہے، جس کی وجہ حکام کی جانب سے کمپنی کی نجی معلومات کو سنبھالنے کے عمل کی نگرانی میں اضافہ ہے۔