واشنگٹن : امریکہ نے کالعدم داعش۔خراسان گروپ اور کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان جیسے عسکریت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکہ کا کہنا ہے کہ دونوں دہشت گرد تنظیمیں پاکستان اور افغانستان میں اپنی سرگرمیاں تیز کررہی ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ ’ہمیں رپورٹ موصول ہوئی ہے کہ کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر حملے کی ذمہ داری داعش خراسان گروپ نے قبول کی ہے‘۔خیال رہے کہ 3 دسمبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفارت خانے پر حملہ کیا گیا جہاں ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا القاعدہ،داعش خراساں، کالعدم جماعت ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے پُر عزم ہیں جو امریکا اور دیگر شراکت داروں اور دوست ممالک کے لیے خطرہ ہیں۔