امریکہ کو انخلا سے قبل افغان مسئلہ کا سیاسی حل تلاش کرناہو گا

,

   


امریکہ۔ افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا: عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ کو انخلا سے قبل افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالنا ہوگا۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار انسداد دہشت گردی مشن کے لیے پاکستان سی آئی اے کو ہوائی اڈے نہیں دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ۔ افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، امریکہ افغان جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان نے دیگر ممالک کی نسبت سب سے زیادہ قربانیاں دیں، پاکستان میں اس وقت 30 لاکھ افغان پناہ گزین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں محاذ آرائی نہیں چاہتے، ہم اب کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا حصہ بننا نہیں چاہتے، امریکہ کو انخلا سے قبل افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالنا ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے خلاف ہیں لیکن پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملک کے دفاع کے لیے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 9/11 کے بعد یورپ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا، مغرب اور ہماری ثقافت میں بہت زیادہ فرق ہے، ہمارے معاشرے میں عورت کے پردے کا تصور فتنہ سے بچنا ہے۔چین سے متعلق سوال پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چین نے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونے کے لیے بھی ریسکیو کیا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے، مغربی دنیا میں کشمیریوں کو کیوں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ ہندوستانی فوجیوں نے کشمیر کو کھلی جیل بنا رکھا ہے، مغرب میں کشمیر کا مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا جاتا، میرے خیال سے یہ منافقت ہے۔عالمی وبا کورونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کورونا آیا تو کئی سیاسی رہنماؤں نے مکمل لاک ڈاؤن کیلئے کہا، ملک کی 70 فیصد سے زائد آبادی دیہاڑی دار ہے، ان پر لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ملک میں کورونا کے خلاف اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، ملک میں کورونا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا، این سی او سی کی سفارشات پر ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا، اللہ پر یقین اور فوری اقدامات کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا۔

مرد کوئی روبوٹ نہیں، اگر عورت کپڑے کم
پہنے گی تو اس کا اثر تو ہوگا: عمران خاں
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے، جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو ان نوجوانوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔اس سوال پر کہ کیا واقعی خواتین کے لباس کا انتخاب اْن پر جنسی تشدد کی وجہ ہے؟ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کس معاشرے میں رہتے ہیں۔خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں ہے، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔