واشنگٹن : امریکہ نے پاکستان کو کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان کیخلاف جنگ میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینا دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے واشنگٹن پہنچنے کے بعد پریس بریفنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کیساتھ کثیر الجہتی تعلقات ہیں، اپنے شراکت داروں کے درمیان تنائو کم کرنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
امریکی ترجمان نے حالیہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا “بنوں میں سی ٹی ڈی کمپائونڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ حملہ کرنے والوں پر زور دیتے ہیں کہ قبضہ ختم کریں، تشدد کی کارروائیاں بند کریں اور یرغمال لوگوں کو رہا کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب دو ممالک کے درمیان مشترکہ خدشات کی بات آتی ہے تو افغانستان کے اندر دہشت گرد تنظیموں اور پاک افغان سرحد پر دہشت گردی کے خلاف کارروائی سمیت مشترکہ مفادات میں امریکہ پاکستان کا شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کیخلاف کارروائی کے لیے پاکستان کی مدد کو تیار ہیں۔