امریکہ : ہائی اسکول پر مسلح حملہ ، 4 افراد ہلاک

   

ونڈر ( جارجیا) امریکہ کی ریاست جارجیا کے ایک ہائی اسکول پر مسلح حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جارجیا کے شہر وِنڈر کے آپالاچی ہائی اسکول سے، بمطابق مقامی وقت کے 11 بج کر 30 منٹ پر ،اسلحے کی آوازیں سنائی دیں۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس ٹیمیں اسکول پہنچ گئیں اور اسکول کے اطراف میں وسیع حفاظتی تدابیر اختیار کیں۔جارجیا تفتیشی بیورو نے واقعہ سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حملے میں 4 افراد ہلاک اور کم از کم 9 زخمی ہو گئے ہیں۔تاہم بارو کاونٹی کے پولیس ڈائریکٹر جْڈ سمتھ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کثیر تعداد میں افراد زخمی ہو گئے اور مشتبہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔شناخت پوشیدہ رکھتے ہوئے، جاری کردہ بیانات میں بعض سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ حملہ آور ایک 14 سالہ بچہ ہے تاہم مشتبہ کی شناخت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ دوسری طرف وائٹ ہاوس نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ صدر جو بائڈن کو واقعے کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ بائڈن حکومت وفاقی سطح پر بھی اور ریاستی سطح پر بھی مقامی حکام کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے۔صدربائیڈن نے جاری کردہ بیان میں کانگریس سے اسلحہ فروخت سے متعلق آئینی تبدیلی کی اپیل کی اور کہا ہے کہ اس واقعہ نے ایک دفعہ پھر اسلحے کی فروخت پر کنٹرول کی اہمیت کو واضح کر دیا ہے۔