امریکی انجینئر ظاہر کرکے خاتون کو لوٹنے والا گرفتار

   


حیدرآباد ۔ 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) امریکی انجینئر ظاہر کرتے ہوئے خاتون کو دھوکہ دینے والے ایک بدغماش کو سائبرکرائم پولیس حیدرآباد نے گرفتار کرلیا جس نے شکایت گذار خاتون سے شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس خاتون کے 18 لاکھ روپئے لوٹ لئے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک نائجیریائی باشندہ کو نوئیڈا سے گرفتار کرلیا جو حیدرآبادی خاتون سے 18 لاکھ روپئے لوٹ چکا ہے۔ پولیس کے مطابق 50 سالہ اے پرنس فلیکس ساکن ڈیلٹا 2 گریٹر نوئیڈا متوطن نائجیریا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس آر نگر علاقہ کے ساکن خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے نوئیڈا سے اس نائجیریائی باشندے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون نے شادی کیلئے تلگو میڑا مونی سائیٹ پر اپنی تفصیلات پیش کی تھی اور اس خاتون سے اس بدغماش نے رابطہ قائم کیا۔ اپنی شناخت ورون راؤ کی حیثیت سے ظاہر کرتے ہوئے اس نے خاتون کو دھوکہ دہی کا شکار بنایا۔ اپنے آپ کو انجینئر بتاتے ہوئے امریکہ میں موجودگی کا یقین دلایا اور خاتون کے پیغام کو منظور کرنے کے بعد اس سے بات چیت کا آغاز کیا اور خاتون کو تحفوں کی پیشکش کرتے ہوئے گفٹ روانہ کئے۔ ایک دن اس نے خاتون کوبتایا کہ وہ ایسے تحفے روانہ کررہا ہے جس میں امریکی ڈالر، قیمتی فون، سونا اور دیگر اشیاء کا ذکر کیا۔ چند روز بعد خاتون نے ایک فون کال حاصل کیا جس میں فون کرنے والے نے بتایا کہ وہ دہلی ایرپورٹ کے کسٹمس ڈپارٹمنٹ سے بات کررہا ہے۔ اس کے نام چند تحفے آئے ہیں اور اس کو حاصل کرنے کیلئے مختلف اقسام کے ٹیکس ادا کرنے کیلئے رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور خاتون کو قیمتی تحفوں کا لالچ دیکر مختلف مراحل میں 18 لاکھ روپئے لوٹ لئے گئے۔ پولیس نے شکایت کے بعد انہیں گرفتار کرلیا۔ع