نیویارک : امریکی بحریہ کے خلیج فارس میں موجود پانچویں بیڑے نے کہا ہے کہ ایران کے راستے خلیج عمان میں داخل ہونے والی ماہی گیروں کی کشتی کو دھماکہ خیز مواد سمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پانچویں بیڑے نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے 70 ٹن سے زائد ایمونیم پرکولیٹ برآمد کیا جو راکٹ اور میزائل کا ایندھن تیار کرنے میں کام آتا ہے۔امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے کمانڈر وائس ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا ہے کہ ’بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، جو درجنوں سے زیادہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کو ایندھن فراہم کرنے کے لیے کافی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے ’غیر قانونی مہلک امداد‘ کی منتقلی کو نوٹس کیا گیا ہے۔’یہ انتہائی غیرذمہ دارانہ اور خطرناک ہے جس سے مشرق وسطیٰ میں تشدد اور عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔‘سال 2015 سے یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا مقابلہ کرنے والے اتحادی ممالک ایران پر دہشت گرد گروہوں کو ہتھیار سپلائی کرنے کا الزام عائد کرتے آئے ہیں۔ایران کی طرف سے فی الحال اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔