امریکی حمایت سے اسرائیل نے غزہ جنگ جاری رکھی ‘محمود عباس

   

اقوام متحدہ : اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ امریکی جرأت سے ہی اسرائیل نے غزہ جنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔ محمود عباس نے کہا کہ مستقبل میں اگر امریکی حمایت جاری رہے گی تو اسرائیلی حملے بھی جاری رہیں گے۔ صدر محمود عباس نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک امریکہ کا سلامتی کونسل میں تین بار غزہ میں جنگ بندی کیلئے لائی گئی قرارداد کو روکنا بے حد افسوسناک ہے۔ فسلطینی صدر نے کہا کہ نیتن یاہو کی پشت پناہی میں آباد کاروں کے دہشت گرد گینگ فلسطینی زمینیوں پر قبضہ کر رہے ہیں، ہم کسی صورت فلسطینی سرزمین کو نہیں چھوڑیں گے۔ جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی برادری اسرائیل پر پابندیاں لگائے۔