واشنگٹن : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے وفاقی سطح پر ہم جنس اور بین النسلی شادیوں کے تحفظ کے لیے تاریخی قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔اس موقع پر جو بائیڈن نے ‘شادی کے احترام’ نامی ایکٹ پر دستخط کرنے سے قبل کہا کہ امریکہ نے مساوات، آزادی اور انصاف کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ یہ قدم صرف کچھ لوگوں کے لیے نہیں، بلکہ ہر ایک کے لیے ہے۔جو بائیڈن نے اس قانون کو ایک ایسی قوم بنانے کی طرف ایک قدم قرار دیا ہے، جہاں شائستگی، وقار، محبت کی پہچان، عزت اور تحفظ ہو۔منگل کو اس بل کی منظوری کے بعد یہ قانون 1996 کے ‘ڈیفنس آف میرج ایکٹ’ کو منسوخ کرتا ہے جو وفاقی قانون کے تحت شادی کو مرد اور عورت کے درمیان یونین قرار دیتا تھا۔نیا قانون ریاستوں کو دوسری ریاستوں میں کی جانے والی ہم جنس اور نسلی شادیوں کو تسلیم کرنے کا بھی تقاضہ کرے گا حالاں کہ یہ ریاستوں کو ان شادیوں پر پابندی کے قوانین کو منظور کرنے سے نہیں روکتا۔وائٹ ہاوس میں اس قانون پر صدر کے دستخط کی تقریب کے موقع پر امریکہ کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا کہ لاکھوں امریکیوں کے لیے اس قانون کے اثرات ضروری اور بالکل بنیادی ہیں۔