امریکی فنڈنگ سے چلنے والے بیشتر پراجیکٹس کو نقصان نہیں پہنچا

   

غزہ : حالیہ عشروں میں امریکہ نے فلسطینی علاقوں میں انسانی امداد اور انفراسٹرکچر کی تعمیرات کی مد میں سات ارب ڈالر سے زیادہ خرچ کئے ہیں۔ جبکہ اسرائیل کو اسکی فوج کے لئے تین ارب ڈالر سالانہ سے زیادہ دیتا رہا ہے۔ اوائل اکتوبر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ، امریکہ کے غزہ میں کم از کم پانچ کمیونٹی اور یوتھ پراجیکٹس کو یاتو نقصان پہنچا ہے یا وہ تباہ ہو گئے ہیں۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ امریکی فنڈنگ سے چلنے والے زیادہ تر بڑے انفرا اسٹرکچرز تباہی سے محفوظ رہے ہیں۔ اور امکان یہ ہے کہ یہ امریکی اور اسرائیلی عہدیداروں کے درمیان قریبی رابطوں کا نتیجہ ہے۔ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے اور پھر اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی میں ایسا لگتا ہے کہ غزہ میں امریکی فنڈز سے سے چلنے والے کم از کم پانچ کمیونٹی پراجیکٹس کو نقصان پہنچا ہے۔ اور امکان یہ ہے کہ یہ نقصان امریکہ کی حمایت یافتہ اسرائیلی فوج سے پہنچا ہے۔ تاہم ماضی میں بھی اور اس بار بھی ایسا معلوم ہوتا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں امریکی رقوم سے چلنے والے بڑے انفرااسٹرکچر پراجیکٹس کو زیادہ تر بچایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے 37 ہزار سے زائد ایسی عمارتوں کی شناخت کی ہے جو اس جنگ میں اب تک تباہ ہوئی ہیں یا جنہیں نقصان پہنچا ہے۔