امن ، محبت اور بھائی چارگی محبوب نگر کی پہچان

   

محبوب نگر میں دعوت افطار ، ممتاز قانون داں کانگریس قائد این پی وینکٹیش کا خطاب

محبوب نگر /31 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر ہمیشہ سے ہی امن اور محبت کا گہوارہ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سینئیر کانگریسی قائد و ممتاز قانون داں این پی وینکٹیش نے کیا ۔ وہ ہفتہ کی شام اپنی قیامگاہ پر بڑے پیمانے پر منعقدہ دعوت افطار کے موقع پر بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بڑی مسرت محسوس کر رہا ہوں کہ میری دعوت پر اتنی بڑی تعداد میں مسلمان بھائی جمع ہوئے ہیں اور بلا لحاظ مذہب و سیاسی وابستگی قائدین کی بڑی تعداد بھی شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب ہندو مسلم یکجہتی اخوت اور بھائی چارگی کو ظاہر کرتی ہیں اور یہی محبوب نگر کی انفرادیت ہے ۔ مقامی ایم ایل اے نیم سرینواس ریڈی پارلیمانی حلقہ محبوب نگر کے کانگریسی امیدوار ومشی چند ریڈی ، سری ہری ، مدھو سدن ریڈی ایم ایل ایز ،۔ ریاستی ایم این سی چیرمین عبیداللہ کوتوال سابق چیرمین امتیاز اسحق منے جیون ریڈی ایم ایل سی امیدوار ، آنند گوڑ چیرمین میونسپلٹی قاضی غوث محی الدین صدر قاضی عبدالہادی ایڈوکیٹ سید سعادت اللہ حسینی مقصود بن احمد ذاکر ، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ، ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی ، محمد محسن خان ، کونسلرن کے علاوہ سیاسی قائدین و کارکن بڑی تعداد میں شامل تھے ۔ بعد افطار طعام کا نظم تھا ۔ نماز مغرب کی امامت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی نے کی ۔