میڑچل میں بے گھر خاندانوں کی ریالی، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کی شرکت
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ غریبوں کو مکانات کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ میڑچل ضلع کے قطب اللہ پور منڈل میں سی پی آئی ریاستی سکریٹری نے اراضی کی جدوجہد سے متعلق مہم میں حصہ لیا اور بے گھر غریب افراد کو یقین دلایا کہ سی پی آئی انہیں مکانات کی فراہمی تک حکومت سے جدوجہد کرے گی۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت برسراقتدار آنے کے بعد ایک دن میں ریاست بھر میں ہر خاندان کا جامع سروے کیا گیا جس کے تحت بے گھر غریب خاندانوں کی تعداد 22 لاکھ سے زائد درج کی گئی۔ ٹی آر ایس حکومت نے ڈبل بیڈ روم مکانات اور امکنہ اراضی کا وعدہ کیا تھا لیکن وعدہ کی تکمیل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے گئے لیکن مستحق غریب خاندان ابھی تک محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، میڑچل اور رنگاریڈی اضلاع میں امکنہ اراضی اور ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے کلکٹر دفاتر کے روبرو روزانہ سینکڑوں غریب خاندان احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی احتجاج کی تائید کرتی ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ میڑچل ضلع میں سرکاری اراضیات کو خانگی اداروں کے حوالے کیا جارہا ہے۔ گاجولا رامارم میں سروے نمبرات 329 اور 342 کے تحت سرکاری اراضیات کو غریبوں کے بجائے تجارتی اداروں کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں امکنہ اراضی اور مکانات کیلئے مہم چلائی جائے گی۔ سینکڑوں غریب خاندانوں کے ساتھ ریالی منظم کی گئی۔ر