امیتابھ بچن کو دادا صاحب پھالکے ایوراڈ

,

   

نئی دہلی :  صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج میگا اسٹار امیتابھ بچن کو ہندوستانی سنیما کا اعلی ترین اعزاز ’ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ‘ حوالے کیا ۔ امیتابھ بچن پہلے یہ ایوارڈ نیشنل فلم ایوارڈز تقریب میں حاصل کرنے والے تھے تاہم وہ خرابی صحت کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے ۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے اس تقریب میں اعلان کیا تھا کہ امیتابھ بچن کو راشٹرپتی بھون میں ایک خصوصی تقریب منعقد کرتے ہوئے یہ ایوارڈ حوالے کیا جائیگا ۔

یہ ایوارڈ ڈھندی راج گوند پھالکے کے نام سے موسوم ہے جنہیں ہندوستانی فلمی حلقوں میں داد اصاحب پھالکے کہا جاتا ہے ۔ یہ ایوارڈ ایک سونے کے پھول ‘ میڈل ‘ ایک شال اور 10 لاکھ روپئے رقم پر مشتمل ہوتا ہے ۔ امیتابھ بچن نے یہ ایوارڈ ملنے کے بعد کہا کہ وہ حکومت ہند ‘ اطلاعات و نشریات کی وزارت اور نیشنل فلم ایوارڈز کے جیوری ارکان سے اظہار تشکر کرتے ہیں جنہوں نے انہیں اس ایوارڈ کا مستحق سمجھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خدا کی مہربانی ‘ والدین کی دعاوں ‘ فلم سازوں ‘ پروڈیوسروں اور ساتھی اداکاروں کی مدد کی وجہ سے ممکن ہوسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی فلم شائقین کے اور بھی مقروض ہوگئے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔